بانئ پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق بڑی تشویش ہے: بیرسٹر گوہر علی

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان—فائل فوٹو
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ بانئ پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق بڑی تشویش ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ ان کی صحت پر سیاست نہ کی جائے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات سے متعلق ہمارا مطالبہ یہی ہے کہ برابری کی نمائندگی دی جائے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کا آرڈر بھی ہے کہ علاج معالجہ ہو، شفاء اسپتال میں ہو اور میڈیکل بورڈ بنے، فیملی سے ملاقات اور ذاتی معالج سے متعلق بھی حکم ہے۔
وزیراعلیٰ کی حراست بہت بڑی غلط بات ہے، بیرسٹر گوہر
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ اگر یہ پراسس فالو کیا جاتا ہے تو ہی ہمیں تسلی ہو گی، ایک سابق وزیرِ اعظم، بڑے لیڈر اور قیدی کی حیثیت سے بھی یہ ان کا حق ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کل لاہور میں آل پارٹیز کانفرنس ہے، باقی وکلاء ملاقات کے لیے جیل جائیں گے، سلمان اکرم راجہ پہلے ہی عدالت کو بتا چکے کہ بانی کا ایکس اکاؤنٹ پارٹی کا نہیں ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ آئندہ سماعت پر عدالت کو دوبارہ بتا دیں گے، بانی اور بشریٰ بی بی کی ملاقاتیں ہونی چاہیں لیکن یہ الگ معاملہ ہے، بانی کی فیملی، بہنوں اور وکلاء سے بھی ملاقاتیں ہونی چاہئیں، القادر کیس میں 25 نومبر کو عدالت پیش ہوں گے، انصاف ہوتا نظر آنا چاہیے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ