پیر، 23 نومبر، 2026 · 14 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ایران پر حملہ کئی محاذوں پر جنگ بھڑکا سکتا ہے: اسرائیلی فوج کا نیتن یاہو کو انتباہ

تازہ ترین
ایران پر حملہ کئی محاذوں پر جنگ بھڑکا سکتا ہے: اسرائیلی فوج کا نیتن یاہو کو انتباہ

اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو — فائل فوٹو

اسرائیلی فوج کے ملٹری انٹیلی جنس حکام نے وزیرِاعظم نیتن یاہو کو ایران پر نئے حملوں سے خبردار کر دیا۔

اسرائیلی میڈیا چینل 12 کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی افواج نے نیتن یاہو کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران پر اسرائیلی حملے پر نیتن یاہو مبینہ طور پر غور کر رہے ہیں، یہ حملہ لبنان، شام اور غزہ سمیت خطے میں وسیع تر جنگ کا سبب بن سکتا ہے۔

عبرانی زبان کے نشریاتی ادارے کے مطابق یہ انتباہ ایک بند کمرے میں ہونے والے حالیہ اجلاس کے دوران دیا گیا، جس میں نیتن یاہو اور اعلیٰ دفاعی حکام نے شرکت کی۔

ایران سے مذاکرات ناکام ہونے پر نیا سال شروع ہونے کے بعد دوبارہ حملے کرینگے: ٹرمپ

یہ اجلاس ایسے وقت میں ہوا جب گزشتہ کئی ہفتوں سے اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائیوں کے مختلف آپشنز پر تفصیلی غور جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملٹری انٹیلی جنس نے اندازہ لگایا کہ اسرائیلی حملہ متعدد محاذوں پر جنگ بھڑکا سکتا ہے۔

یہ جائزہ نیتن یاہو اور موساد کے سربراہ رومان گوفمین کی اس مبینہ توقع کے برعکس ہے کہ فوجی کارروائی کو 3 سے 5 روز تک محدود رکھا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ 27 اکتوبر کے انتخابات میں پارلیمانی اکثریت کھونے کے بعد نیتن یاہو پر الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ وہ سیاسی فائدے کے لیے ایران سے لاحق خطرے کو بڑھا چڑھا کر پیش کر رہے ہیں اور ایسے حملے کے خواہاں ہیں جس سے متبادل حکومت کی تشکیل روکی جا سکے۔

چینل 12 نے یہ بھی رپورٹ کیا ہے کہ اپوزیشن رہنما آویگدور لائبرمین کی جانب سے ایران پر حملے کے خلاف حالیہ انتباہ کی وجہ یہ خدشات ہیں کہ نیتن یاہو امریکی شمولیت یا منظوری کے بغیر یک طرفہ فوجی کارروائی پر غور کر رہے ہیں۔

ایران پر دوبارہ حملوں کے لیے نیتن یاہو کا ٹرمپ پر دباؤ

لائبرمین کو کنیسٹ کی عارضی خارجہ امور اور دفاعی کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے، انہوں نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ موجودہ حالات میں اسرائیل کی جانب سے ایران پر کوئی بھی حملہ بلاجواز ہو گا اور اس کے پیچھے مکمل طور پر سیاسی محرکات کارفرما ہوں گے۔

اسرائیلی فوج نے چینل 12 کو بند کمرے کے اجلاسوں میں ہونے والی گفتگو سے متعلق تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔

بشکریہ روزنامہ جنگ