اینتھروپک کے ریاضی دان کا بذریعہ اے آئی ریاضی کے عظیم رازوں میں سے 1 حل کرنے کا دعویٰ

اینتھروپک کے ایک ماہر ریاضی دان نے دعویٰ کیا ہے کہ کمپنی کے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی چیٹ بوٹ کی مدد سے مشہورِ زمانہ ’ریمان مفروضہ‘ (Riemann Hypothesis) ثابت کر دیا ہے۔
لیونٹ آلپوگے نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ میں نے تقریباً 6 ہفتوں کے دوران کمپنی کے چیٹ بوٹ کلاڈ کی مدد سے اس ریاضی کے مسئلے کا ایک تفصیلی ثبوت تیار کیا ہے۔
اگر یہ ثبوت درست ثابت ہو جاتا ہے تو اسے ریاضی کی تاریخ کی اہم ترین کامیابیوں میں شمار کیا جا سکتا ہے۔
طالبہ کی بے مثال ذہانت، 100 سالہ قدیم ریاضی کا مسئلہ حل کر دیا
یہ دعویٰ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب اوپن اے آئی سمیت متعدد مصنوعی ذہانت کی کمپنیاں گزشتہ چند ماہ کے دوران اعلیٰ درجے کے ریاضی کے مسائل کے حل پیش کرنے کا اعلان کر چکی ہیں، جنہیں ماہرین کئی دہائیوں سے حل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
اینتھروپک کے ملازم نے گزشتہ روز ریمان مفروضے کے ثبوت کے حوالے سے بتایا کہ اسے کلاڈ کے ایک غیر عوامی ورژن کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔
یہ تقریباً 170 سال پرانا ریاضی کا مسئلہ ہے، جس کا تعلق اوّلی اعداد (Prime Numbers) سے ہے، اسے ریاضی کا سب سے مشہور مسئلہ بھی قرار دیا جاتا ہے، جس کی ایک بڑی وجہ اس کی غیر معمولی پیچیدگی ہے۔
اس مفروضے کا نام معروف ریاضی دان برنہارڈ ریمان کے نام پر رکھا گیا ہے، اس میں یہ تصور پیش کیا گیا ہے کہ اوّلی اعداد کی عددی خط پر ایک مخصوص ترتیب موجود ہے۔
اوّلی اعداد اعلیٰ درجے کی ریاضی کی بنیادی اساس سمجھے جاتے ہیں، اسی لیے ان سے متعلق کسی بھی بڑی دریافت کے دور رس اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
معروف ریاضی دان ٹیرنس تاؤ نے کہا ہے کہ اس ثبوت کی تصدیق اور اسے سمجھنے میں وقت لگے گا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ