بھارت: منگیتر کی سرکاری ملازمت عارضی نکلنے پر نوجوان نے منگنی توڑ دی

بھارت میں ایک نوجوان نے اپنی ہونے والی دلہن کی سرکاری ملازمت عارضی ہونے کا علم ہونے پر شادی کا فیصلہ ترک کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ایک رشتہ کروانے والی موبائل ایپ کے ذریعے ہونے والی منگنی کے بعد پیش آیا جس کی تفصیلات نوجوان کے ایک دوست نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ریڈٹ پر شیئر کی ہیں۔
پوسٹ کے مطابق لڑکی نے نجی کالج سے بی ایس سی کی ڈگری حاصل کر رکھی تھی اور ریاستی حکومت کے ایک محکمے میں ملازمت کر رہی تھی، تاہم اس کی ملازمت مستقل نہیں بلکہ عارضی تھی جس کا ذکر اس نے اپنے تعارف میں نہیں کیا تھا۔
لڑکی نے رشتے کے لیے لڑکے کے سامنے کئی شرائط بھی رکھیں، جن کے مطابق لڑکے کی تنخواہ ایک مخصوص حد سے زیادہ ہو، اپنا گھر اور گاڑی ہو جبکہ وہ قد میں بھی لمبا ہو۔
دوسری جانب لڑکے کا قد 5 فٹ 5 انچ تھا جس کی تفصیل پہلے ہی رشتہ کروانے والی ایپ پر درج تھی۔
منفرد مقابلہ: بھارتی خاتون 60 دن سو کر 28 لاکھ روپے جیت گئی
پوسٹ کے مطابق لڑکا ایک معروف تعلیمی ادارے سے انجینئرنگ کی ڈگری اور بیرونِ ملک سے ماسٹرز کرنے کے بعد بھارتی خلائی تحقیقی ادارے میں سائنس دان کے طور پر کام کر رہا تھا اور اچھی آمدنی کے ساتھ آرام دہ زندگی گزار رہا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں خاندانوں کے درمیان معاملات طے پا گئے تھے اور شادی کی تاریخ بھی مقرر ہو چکی تھی تاہم جب لڑکے کے خاندان کو لڑکی کی عارضی سرکاری ملازمت کا علم ہوا تو انہوں نے رشتہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔
سوشل میڈیا پر ملا جلا ردِعمل
واقعہ سامنے آنے کے بعد کئی صارفین نے لڑکے کے خاندان کے فیصلے کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملازمت کی اصل حیثیت چھپانا اعتماد کو نقصان پہنچاتا ہے اور شادی جیسے اہم معاملے میں حقائق پہلے ہی واضح ہونے چاہئیں۔
بعض صارفین نے خبردار کیا ہے کہ صرف ایک فریق کی بیان کردہ کہانی سن کر کسی کے بارے میں حتمی رائے قائم نہیں کرنی چاہیے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ