جمعہ، 20 نومبر، 2026 · 11 جمادی الثانی، 1448 ہجری

پہلی اننگز میں سری لنکا کو 92 رنز پر آؤٹ کرنا ٹرننگ پوائنٹ تھا: بابر اعظم

تازہ ترین
پہلی اننگز میں سری لنکا کو 92 رنز پر آؤٹ کرنا ٹرننگ پوائنٹ تھا: بابر اعظم

پاکستانی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم---اسکرین گریپ

پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ پہلی اننگز میں سری لنکا کو 92 رنز پر آؤٹ کرنا ہمارے لیے ٹرننگ پوائنٹ تھا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ انگلینڈ کی سیریز کے بعد نئی ٹیم کو موقع دینے کا فیصلہ کیا تھا، نوجوان کھلاڑیوں نے ملنے والے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا اور نوجوان کھلاڑیوں کو مسلسل مواقع دینا چاہتے ہیں۔

پاکستانی کپتان کا کہنا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کی بیٹنگ بولنگ دونوں میں مختلف انداز سے اچھی کارکردگیاں سامنے آئی ہیں۔

سری لنکا کو دوسرے ٹیسٹ میں شکست، پاکستان نے سیریز 0-1 سے جیت لی

بابر اعظم نے کہا ہے کہ آئندہ کن کنڈیشنز میں کھیلنا ہے، اس کا فیصلہ موسم اور وینیو دیکھ کر کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسلسل اچھی کارکردگی کے لیے میچز جیتنا ضروری ہے، نوجوان کھلاڑیوں کو اعتماد اور اچھا ماحول فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے اور ہم اچھے وقت سے سیکھتے ہیں لیکن مشکل وقت سے دگنا سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔

کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ آسان نہیں، سری لنکا نے دوسری اننگز میں ہمیں سخت وقت دیا لیکن پہلی اننگز میں سری لنکا کو 92 رنز پر آؤٹ کرنا ہمارے لیے ٹرننگ پوائنٹ تھا اور سری لنکا کو جلد آؤٹ کرنے کے بعد ہماری کوشش تھی کہ طویل پارٹنر شپس قائم کریں۔

انہوں نے کہا ہے کہ سری لنکا کی دوسری اننگز میں مینڈس اور دیگر بیٹرز کی پارٹنر شپ نے ہمیں مشکلات سے دوچار کیا تھا۔

پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ چوتھے فاسٹ بولر کے پہلے اوور کے بعد ان فٹ ہونے سے باقی بولرز پر اضافی بوجھ پڑا تھا تاہم ایک فاسٹ بولر کی کمی کے باوجود ہمارے بولرز نے غیر معمولی محنت اور جذبے کا مظاہرہ کیا، حسن، رضوان اللّٰہ اور عباس نے طویل اسپیلز کیے، تینوں فاسٹ بولرز کریڈٹ کے مستحق ہیں۔

قبل ازیں آج راولپنڈی ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن سری لنکا کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 316 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی جس کے بعد پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 90 رنز کا ہدف ملا جو قومی ٹیم نے 2 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

بشکریہ روزنامہ جنگ