جمعہ، 20 نومبر، 2026 · 11 جمادی الثانی، 1448 ہجری

جنوبی کوریا: امتحان میں نقل روکنے کیلئے ہنگامی الرٹ جاری، 22 طلبہ رنگے ہاتھوں پکڑے گئے

تازہ ترین
جنوبی کوریا: امتحان میں نقل روکنے کیلئے ہنگامی الرٹ جاری، 22 طلبہ رنگے ہاتھوں پکڑے گئے

جنوبی کوریا کے سالانہ یونیورسٹی انٹری ٹیسٹ سوننگ کے دوران نقل کی روک تھام کے لیے حکومت نے منفرد اقدام اٹھا لیا، 22 طلبہ نقل کرتے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے انٹری ٹیسٹ کے دوران نقل کی روک تھام کے لیے جنوبی کوریا کی حکومت نے پہلی مرتبہ ملک کا اعلیٰ ترین ہنگامی الرٹ سسٹم استعمال کیا، جسے عمومی طور پر کسی آفت کے وقت استعمال کیا جاتا ہے۔

دنیا کے مشکل ترین امتحانات میں شمار ہونے والے اس ٹیسٹ میں، خصوصاً مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے بڑھتے ہوئے استعمال کے پیشِ نظر، نقل کی روک تھام کے لیے یہ غیر معمولی اقدام کیا گیا۔

جنوبی کوریا میں بچوں کے امتحان کے لیے پروازیں معطل

صبح تقریباً 8 بج کر 30 منٹ پر ساڑھے 10 سیکنڈ تک جاری رہنے والا ہنگامی سائرن انتہائی بلند آواز میں بجایا گیا، جس کے بعد 2 مزید غیر اعلانیہ الرٹس دوپہر 2 بج کر 21 منٹ اور 2 بج کر 57 منٹ پر جاری کیے گئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ حکمتِ عملی مؤثر ثابت ہوئی اور امتحان کے دوران ملک بھر کے 9 شہروں اور صوبوں سے 22 طلبہ کو موبائل فونز اپنے قبضے میں رکھنے پر پکڑ لیا گیا۔

پکڑے گئے طلبہ کو امتحانی منتظمین کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا ان کے پاس چھوٹے خفیہ کیمروں سمیت دیگر الیکٹرانک آلات بھی موجود تھے یا نہیں۔

اگر ایسے آلات کے ذریعے نقل کی تصدیق ہو جاتی ہے تو وزارتِ تعلیم نے سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے، جس میں دھوکا دہی کے ذریعے سرکاری فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ ڈالنے کے الزام میں فوجداری شکایات درج کرانا بھی شامل ہے۔

واضح رہے کہ جنوبی کوریا میں 15 نومبر کو ٹیکس اکاؤنٹنٹ کے قومی امتحان میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے امیدوار نے اعتراف کیا تھا کہ اس نے ایک چھوٹے خفیہ کیمرے کی مدد سے نقل کی تھی، جس کے بعد حکومت نے مذکورہ اقدام کو ناگزیر قرار دیا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ