بال ٹیمپرنگ کیلئے سینڈ پیپر نہیں بوتل کے ڈھکن استعمال کرتے تھے: شعیب اختر کا انکشاف

سابق فاسٹ بالر شعیب اختر—فائل فوٹو
پاکستان کے سابق فاسٹ بالر شعیب اختر نے قومی کرکٹ کی موجودہ صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ گزشتہ 2 دہائیوں سے زوال کا شکار ہے اور اب نوجوان نسل کی اس کھیل میں دلچسپی کم ہوتی جا رہی ہے۔
شعیب اختر نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ جدید کرکٹ کے قوانین نے بلے بازوں کو زیادہ فائدہ پہنچایا ہے، جس کے باعث فاسٹ بالرز کا اثر کم ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ بابر اعظم جیسے مقبول کھلاڑی موجود ہونے کے باوجود پاکستان ایسے بہترین کرکٹرز پیدا نہیں کر رہا جو نوجوان نسل کو کھیل کی طرف راغب کر سکیں۔
شعیب اختر نے اپنے بیٹے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ میرا بیٹا بھی کرکٹ دیکھنے میں زیادہ دلچسپی نہیں رکھتا اور اس کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم میں جارحانہ انداز دکھائی نہیں دیتا۔
بابر اعظم کی ون ڈے ٹیم میں جگہ خطرے میں ہے: شعیب اختر
سابق فاسٹ بالر نے اپنے کھیل کے دور میں ہونے والی بال ٹیمپرنگ کے طریقوں کے بارے میں انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ہمارے دور میں کھلاڑی گیند کی سطح تبدیل کرنے کے لیے بوتلوں کے ڈھکن استعمال کرتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ انگلینڈ میں ہم سینڈ پیپر (ریگ مال) استعمال نہیں کرتے تھے، بلکہ بوتل کے ڈھکنوں سے گیند کی حالت تبدیل کرتے اور ریورس سوئنگ حاصل کرنے کے لیے مختلف طریقے اپناتے تھے۔
آسٹریلیا کے سابق کرکٹر عثمان خواجہ کی جانب سے 2018ء کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق نئے انکشافات پر تبصرہ کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ ایسے معاملات میں پوری ٹیم کو علم ہوتا ہے، یہ فیصلہ صرف 2 یا 3 کھلاڑیوں تک محدود نہیں ہو سکتا۔
اُنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ کو مزید دلچسپ بنانے کے لیے 1 اوور میں 4 باؤنسرز کی اجازت دینے اور 2 نئی گیندوں کے بجائے 1 گیند استعمال کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔
شعیب اختر کی 21 سال قبل کیوی ٹیم کیخلاف تباہ کن بولنگ کی ویڈیو
سابق فاسٹ بالر نے یہاں تک کہا کہ اگر فاسٹ بالرز کے لیے سازگار قوانین کے تحت ٹیسٹ میچ منعقد کیا جائے تو اس کے لیے 1 لاکھ ڈالرز پیشگی دینے کو تیار ہوں۔
شعیب اختر نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) پر بھی زور دیا کہ وہ کرکٹ کو روایتی ممالک سے باہر پھیلانے اور ابھرتی ہوئی ٹیموں کو زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات کرے۔
واضح رہے کہ شعیب اختر کو 2003ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے میچ میں گیند کی حالت غیر قانونی طور پر تبدیل کرنے کا مرتکب قرار دیا گیا تھا، جس پر انہیں 2 میچز کی پابندی اور میچ فیس کا 75 فیصد جرمانہ کیا گیا تھا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ