سرحد پار آتش بازی کے باریک ذرات فضائی آلودگی میں اضافہ کر سکتے ہیں، مریم اورنگزیب

سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں پنجاب میں اسموگ کی شدت بڑھنے کا خدشہ ہے، سرحد پار آتش بازی کے باریک ذرات فضائی آلودگی میں اضافہ کر سکتے ہیں۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسموگ کے تدارک کے لیے کارروائیاں مزید تیز کردی گئی ہیں، بھارت سے ملحق مشرقی کوریڈور کے قریب اسموگ گنز آپریشن مزید تیز کر دیا گیا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مقامی آلودگی کے ذرائع پر قابو پانے کے لیے عوام حکومت کا ساتھ دیں، فصلوں کی باقیات، خصوصاً دھان کے مڈھ جلانے سے گریز کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کوڑا، پلاسٹک اور دیگر فضلہ کھلے عام جلانے پر پابندی یقینی بنایا جائے۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ اسموگ میں کمی کے لیے گاڑیوں کے دھوئیں اور مضر اخراج پر کنٹرول ضروری ہے۔گ اڑیوں کی فٹنس اور اخراج کے معیار پر سختی سے عمل کیا جائے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ