اتوار، 8 نومبر، 2026 · 29 جمادی الاول، 1448 ہجری

موسمِ سرما میں غزہ کی ابتر صورتحال، فلسطین کی عالمی برادری سے امدادی راہداریاں کھلوانے کی اپیل

تازہ ترین
موسمِ سرما میں غزہ کی ابتر صورتحال، فلسطین کی عالمی برادری سے امدادی راہداریاں کھلوانے کی اپیل

فوٹو: سوشل میڈیا

فلسطینی وزارتِ خارجہ نے غزہ کی پٹی میں موسمِ سرما، شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث بگڑتے ہوئے انسانی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری اقدام کی اپیل کی ہے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں خبردار کیا کہ موسم کی سختی اور بارشیں غزہ میں پہلے سے موجود بحران کو مزید گہرا کر کے ایک اور بڑی تباہی کا سبب بن سکتی ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ اس وقت 4 لاکھ سے زائد بےگھر فلسطینی سیلاب زدہ علاقوں میں شدید موسم کے رحم و کرم پر اور بغیر کسی بنیادی سامان و آسرے کے بے سروسامان حالت میں مقیم ہیں۔

فلسطینی وزارتِ خارجہ نے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ اور بےگھر فلسطینیوں تک فوری اور بلا تعطل امداد کی رسائی کو یقینی بنایا جائے۔

وزارت خارجہ نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری غزہ کی تمام تر راہداریاں اور سرحدیں کھلوانے کے لیے اسرائیل پر فوری اور مؤثر سفارتی دباؤ ڈالے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ