اختلافات کا حل سیاسی طریقے سے نکالنے پر یقین رکھتے ہیں: بیرسٹر گوہر

بانی تک رسائی، ذاتی معالج اور اہلخانہ سے ملاقات ہمارا بنیادی مطالبہ ہے، بیرسٹر گوہر - فوٹو: فائل
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ سیاسی رہنماؤں کو غیرقانونی حراست میں رکھنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
بونیر میں میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سیاسی اختلافات کا حل مذاکرات اور سیاسی طریقے سے نکالنے پر یقین رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مینڈیٹ چھینا گیا، سیٹیں لی گئیں، بانی پی ٹی آئی تک رسائی، ذاتی معالج اور اہلخانہ سے ملاقات ہمارا بنیادی مطالبہ ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کا 18 اگست کا فیصلہ تاحال عمل درآمد کا منتظر ہے جبکہ پشاور ہائیکورٹ نے حبس بےجا کیس لارجر بینچ کے سامنے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ لوگوں کو ضمانت ملنے کے باوجود حراست میں رکھنا انصاف کا قتل ہے۔ ذاتی مفادات اور انا کی خاطر لوگوں کو جیلوں میں رکھنا جمہوریت کے لیے خطرہ ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور اسپیکر حبسِ بےجا میں ہیں، جنید اکبر اور ڈاکٹر امجد کو اٹھائے جانے کے بعد تاحال ان کے بارے میں معلومات نہیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ