کیلیفورنیا: 2 خواتین اسکائی ڈائیورز فضا میں ٹکرا کر زمین پر گر کر ہلاک

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے جنوبی علاقے لیک ایلسینور میں 2 اسکائی ڈائیورز فضا میں آپس میں ٹکرا کر زمین پر گرنے سے ہلاک ہوگئیں۔
حکام کے مطابق یہ حادثہ صبح تقریباً 11 بج کر 45 منٹ پر اسکائی ڈائیونگ سینٹر ’اسکائی ڈائیو ایلسینور‘ کی فضائی حدود میں پیش آیا، جو لاس اینجلس سے تقریباً 60 میل جنوب مشرق میں واقع ہے۔
ریور سائیڈ کاؤنٹی شیرف آفس کو اس حادثے کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر اہلکار جائے وقوع پر پہنچے، جہاں دونوں خواتین زمین پر شدید زخمی حالت میں موجود تھیں اور انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی تھی۔
دونوں اسکائی ڈائیورز کو ایمبولینس کے ذریعے وائلڈومار کے اِن لینڈ ویلی میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں دورانِ علاج وہ دم توڑ گئیں۔
20 ممالک کے 104 اسکائی ڈائیورز کا فضا میں ریکارڈ ساز اسٹار فارمیشن کا مظاہرہ
اسکائی ڈائیو ایلسینور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چھلانگ کے دوران آزادانہ طور پر فضا میں گرنے اور پیراشوٹ کھولنے کے مراحل معمول کے مطابق مکمل ہوئے، تاہم زمین پر اترنے کی تیاری کے دوران دونوں اسکائی ڈائیورز تقریباً 150 فٹ کی بلندی پر آپس میں ٹکرا گئیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تصادم کے باعث دونوں کے پیراشوٹ ایک دوسرے میں الجھ گئے، جس کے نتیجے میں زمین پر گرنے کے بعد انہیں شدید چوٹیں آئیں۔
دونوں خواتین تجربہ کار اور لائسنس یافتہ اسکائی ڈائیورز تھیں، جو ایک تربیتی تقریب میں شرکت کے لیے دوسرے شہر سے آئی تھیں۔
امریکی نشریاتی ادارے این بی سی لاس اینجلس کے مطابق دونوں خواتین کمپنی کے زیر اہتمام تربیتی کیمپ میں شریک تھیں۔
اسکائی ڈائیو ایلسینور کے مطابق ابتدائی طور پر آلات میں کسی خرابی کے شواہد نہیں ملے اور ادارہ مقامی حکام کے ساتھ تحقیقات میں تعاون کر رہا ہے۔
حادثے کے وقت اِن لینڈ ایمپائر کے علاقے میں شمال مشرقی ہوائیں چل رہی تھیں، جبکہ مارچ ایئر ریزرو بیس کے قریب ہواؤں کی رفتار 20 میل فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی۔
بشکریہ روزنامہ جنگ