فرانسیسی بینک پر ہیکرز کا حملہ، 11 کروڑ 20 لاکھ ڈالر چوری کرلیے

فرانسیسی بینک پر ہیکرز نے حملہ کرکے 11 کروڑ 20 لاکھ ڈالر چوری کرلیے۔
بینک نے سائبر حملے کو انتہائی پیچیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ باہر سے ہوئے سائبر حملے میں صارفین کے بجائے بینک کے اکاؤنٹس کو نشانہ بنایا گیا اور 11 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی رقم دیگر بینکوں میں منتقل کی گئی۔ حملے میں صارفین کا نقصان نہیں ہوا اور اُن کے پیسے محفوظ ہیں۔
بینک نے مزید کہا کہ چوری شدہ رقم کو مخصوص پلیٹ فارمز کے ذریعے کرپٹو کرنسی میں تبدیل کیا گیا، تاہم رقم کا کچھ حصہ بلاک کر دیا گیا ہے اور باقی فنڈز کی واپسی کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
پیرس کے پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر نے خبر ایجنسی کو بتایا کہ سائبر حملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
فرانسیسی اخبار نے حملے میں نقصان کا تخمینہ 13 کروڑ 30 لاکھ ڈالر بتایا ہے، مگر بینک نے اس کی تصدیق نہیں کی۔
بشکریہ روزنامہ جنگ