امریکی الیکشن کا اثر پی ایس ایکس پر، 100 انڈیکس میں 3366 پوائنٹس کا بڑا اضافہ

امریکی الیکشن نتائج سے قائم ہوئی امن امیدوں اور خام تیل کے بھاؤ گرنے کا اثر پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) ہنڈریڈ انڈیکس پر دوسرے روز بھی جاری رہا۔
پی ایس ایکس بینچ مارک 100 انڈیکس نے آج کاروبار کا آغاز جمپ گیپ سے کیا اور ایک موقع پر ساڑھے چار ہزار پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 76 ہزار 604 کی بلند ترین سطح رقم کی۔
کاروبار کے اختتام پر پی ایس ایکس 100 انڈیکس 3 ہزار 366 پوائنٹس اضافے کے بعد ایک لاکھ 75 ہزار 379 پر بند ہوا۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق امریکی الیکشن کے بعد ایران جنگ ختم ہونے کی امیدیں زور پکڑ گئی ہیں۔ اس کے علاوہ خام تیل کی قیمتوں کے بعد سرمایہ کاروں کی توجہ بازار کی پُرکشش ویلیو ایشن پر مرکوز ہوئی ہے، نتیجتاً بازار کا کاروباری حجم 18 اگست کے بعد بلند ترین رہا۔
حصص بازار میں آج 99 کروڑ 98 لاکھ شیئرز کے سودے 40 ارب روپے میں طے ہوئے جبکہ مارکیٹ کی کیپٹلائزیشن 335 ارب روپے بڑھ کر 19 ہزار ایک سو تیرہ ارب روپے ہوگئی۔
خیال رہے کہ 100 انڈیکس رواں ہفتے تقریباً 9 ہزار پوائنٹس بڑھ چکا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ