پاکستان میں ٹیکس آمدن بڑھانے کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے، کنٹری ڈائریکٹر آئی ایم ایف

انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے کنٹری ڈائریکٹر ماہر بنیجی نے زور دیا ہے کہ پاکستان میں ٹیکس آمدن بڑھانے کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے تاکہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح میں اضافہ ہو۔
ایس ڈی پی آئی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ماہر بنیجی نے کہا کہ پاکستان اس وقت معاشی لحاظ سے ایک تاریخی موڑ پر کھڑا ہے اور ملک نے معاشی بحران سے استحکام تک کا سفر طے کیا ہے، معاشی اصلاحات پر عمل درآمد جاری رکھنا اور ترقی کی رفتار برقرار رکھنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گزشتہ کئی ماہ سے معیشت کی بہتری کے لیے مسلسل سنجیدہ کوششیں کی جا رہی ہیں۔ معاشی ترقی کی شرح 2 فیصد سے بڑھ کر 3.5 فیصد تک پہنچ رہی ہے، جو خوش آئند پیش رفت ہے۔
ماہر بنیجی نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے بحران کے باوجود پاکستان نے معاشی ترقی کا سفر جاری رکھا ہے۔ ملک میں معاشی استحکام کے لیے آئی ایم ایف طویل مدت تک پاکستان کے ساتھ کام کرتا رہے گا۔
آئی ایم ایف کے کنٹری ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ برآمدات میں اضافے سے ہی روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، اس لیے پاکستان کو اپنی برآمدات بڑھانے پر توجہ دینا ہوگی۔ نیشنل ٹیرف پالیسی کے نتیجے میں بھی ملکی معیشت میں بہتری آئی ہے۔
ماہر بنیجی نے زور دیا کہ پاکستان میں ٹیکس آمدن بڑھانے کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے تاکہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح میں اضافہ ہو۔ اس مقصد کے لیے آئی ایم ایف حکام کی پاکستانی حکام سے ملاقاتیں بھی ہوئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں انفرااسٹرکچر اور عوامی ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز کی فراہمی جاری رکھنا ضروری ہے، جبکہ معاشی ترقی کی شرح میں تسلسل برقرار رکھنے کے لیے اصلاحات پر عمل درآمد ناگزیر ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ