بلدیاتی انتخابات کیلئے بار بار کاغذاتِ نامزدگی فیس وصولی، اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر

اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کیلئے امیدواروں سے بار بار کاغذات نامزدگی فیس وصول کرنے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔
عدالت عالیہ نے الیکشن کمیشن، وزارتِ داخلہ اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیا۔
جسٹس عمیر مجید ملک نے سابق چیئرمین ملک ساجد محمود کی درخواست پر سماعت کی۔ وکیل کے مطابق پچھلی بار الیکشن شیڈول جاری ہوا اور امیدواروں سے 8.54 ملین روپے وصول کیے گئے۔
انھوں نے مزید کہا کہ انتخابی شیڈول منسوخ ہونے یا تبدیل ہونے پر جمع کرائی گئی فیس برقرار رکھی جائے۔ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی دوبارہ فیس جمع نہ کرانے کی بنیاد پر مسترد نہ کیےجائیں۔
درخواست میں عدالت عالیہ سے استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن سمیت متعلقہ حکام کو قانون کے مطابق فیس ایڈجسٹمنٹ کا طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کی جائے۔
الیکشن کمیشن، چیف الیکشن کمشنر اور وزارتِ داخلہ کو درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر اور ریٹرننگ افسر کو بھی درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
بشکریہ روزنامہ جنگ