جمعرات، 5 نومبر، 2026 · 26 جمادی الاول، 1448 ہجری

سچن ٹنڈولکر نے اپنے ریکارڈ کے قریب پہنچنے پر جو روٹ کے بارے میں کیا کہا؟

تازہ ترین
سچن ٹنڈولکر نے اپنے ریکارڈ کے قریب پہنچنے پر جو روٹ کے بارے میں کیا کہا؟

سابق بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے انگلینڈ کے بیٹر جو روٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں 2012ء میں ان کے پہلے ٹیسٹ میچ سے ہی ان کی صلاحیتوں کا معترف رہا ہوں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ریڈٹ پر سوال و جواب کے سیشن کے دوران سچن ٹنڈولکر سے جو روٹ کے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ توڑنے کے امکانات سے متعلق سوال کیا گیا۔

اس کے جواب میں ٹنڈولکر نے کہا کہ میں جو روٹ کو ہمیشہ بہترین بیٹر سمجھتا آیا ہوں اور مجھے ان کے پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں اندازہ ہو گیا تھا کہ وہ مستقبل میں بڑی کامیابیاں حاصل کریں گے۔

جو روٹ نے سچن ٹنڈولکر کا ایک اور ریکارڈ توڑ دیا

پسندیدہ غیر بھارتی بیٹرز سے متعلق سوال پر سچن ٹنڈولکر نے انگلینڈ کے ہیری بروک، جو روٹ اور آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ کے نام لیے۔

سچن ٹنڈولکر نے ون ڈے کرکٹ میں تبدیلی کی تجویز دہراتے ہوئے کہا کہ 50 اوورز کے میچ کو 25، 25 اوورز کی 2 اننگز میں تقسیم کیا جانا چاہیے۔

ٹنڈولکر نے خبردار کیا کہ بولرز کے کردار کو برقرار رکھنے کے لیے ون ڈے کرکٹ میں تبدیلی ضروری ہے، ورنہ بولرز کا وجود خطرے میں پڑ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ جو روٹ نے دسمبر 2012ء میں بھارت کے خلاف ناگپور ٹیسٹ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا، اس میچ کی پہلی اننگز میں انہوں نے 229 گیندوں پر 73 رنز بنائے تھے جبکہ دوسری اننگز میں 20 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور میچ ڈرا ہوگیا تھا۔

جو روٹ نے ٹیسٹ کرکٹ میں سچن ٹندولکر کا عالمی ریکارڈ برابر کر دیا

جو روٹ اب تک 169 ٹیسٹ میچز کی 309 اننگز میں 14,278 رنز بنا چکے ہیں اور سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑنے کے لیے انہیں مزید 1,643 رنز درکار ہیں۔

سچن ٹنڈولکر نے 200 ٹیسٹ میچز کی 329 اننگز میں 15,921 رنز بنائے تھے جو اب بھی ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز کا عالمی ریکارڈ ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ