جمعرات، 5 نومبر، 2026 · 26 جمادی الاول، 1448 ہجری

فیشن ڈیزائنر دیپک پروانی کا لاہور منتقلی کا ارادہ، وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے خوش آمدید کہہ دیا

تازہ ترین
فیشن ڈیزائنر دیپک پروانی کا لاہور منتقلی کا ارادہ، وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے خوش آمدید کہہ دیا

وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز اور فیشن ڈیزائنر دیپک پروانی—فائل فوٹوز

پاکستان کے معروف فیشن ڈیزائنر دیپک پروانی کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور منتقل ہونے کی خواہش پر خوش آمدید کہہ دیا۔

حال ہی میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر دیپک پروانی نے اپنی ایک پوسٹ میں لاہور کے سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ (سی بی ڈی)، ایم ایم عالم روڈ، مین بلیوارڈ اور ایئر پورٹ کے داخلی راستے کو سراہا۔

فیشن ڈیزائنر نے بالخصوص شہر کے انڈر پاسز اور سرسبز ماحول کی تعریف کی۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ لاہور منتقل ہونے کا وقت آ گیا ہے، سی بی ڈی، ایم ایم عالم روڈ، مین بلیوارڈ اور ایئر پورٹ کا داخلی راستہ، خوبصورت انڈر پاسز اور ہریالی سب کچھ ہی ایک مختلف معیار کا ہے، اس کے برعکس کراچی تاریک، افسردہ کُن، گڑھوں سے بھرا اور بدصورت ہے، شہر یقیناً بہت پیچھے رہ گیا ہے۔

صبا قمر کے کراچی سے متعلق بیان پر مداح برہم

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دیپک پروانی کی پوسٹ پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ بھائی! آپ کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

واضح رہے کہ لاہور میں حالیہ برسوں کے دوران بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے متعدد منصوبے مکمل کیے گئے ہیں، جن میں روٹ 47 بھی شامل ہے۔

یہ منصوبہ نو تعمیر شدہ سی بی ڈی مین بلیوارڈ اور فلائی اوور کے ذریعے کلمہ چوک اور گلبرگ کو والٹن روڈ سے ملاتا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ