جناح اسپتال کراچی میں جھل مگسی کا ریبیز کا مریض دوران علاج انتقال کرگیا

کراچی کے جناح اسپتال میں جھل مگسی سے تعلق رکھنے والا ریبیز کا مریض دوران علاج انتقال کرگیا۔
جناح اسپتال ذرائع کے مطابق جھل مگسی سے تعلق رکھنے والے 12 سال کے نوجوان میں ریبیز کی علامات پائی گئیں۔ مریض کو ایک ماہ قبل کتے نے کاٹا تھا،مریض کو لاڑکانہ میں ریبیز کی ویکسین کے دو ڈوز بھی دیے گئے تھے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق کچھ کیسز میں ریبیز امیولوگلوبن لگائی جاتی ہے جو کہ اس مریض کو نہیں لگائی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق مریض میں تیز بخار، پانی سے خوف سمیت دیگر ریبیز کی علامات پائی گئیں، مریض کو یکم نومبر کو جناح اسپتال لایا گیا تھا، آج شام میں انتقال کرگیا۔
مجموعی طور پر ریبیز کیسز کی تعداد 41 ہو گئی، انڈس اسپتال سے اب تک 29 ریبیز کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ جناح اسپتال میں ریبیز کیسز کی تعداد 12 ہو گئی۔
بشکریہ روزنامہ جنگ