پاکستان کے ذیشان علی آج خلا کے سفر پر جائیں گے

آسمان اب حد نہیں، منزل ٹھہری، پاکستان کا خواب ستاروں سے آگے جانے کو تیار، آج پاکستانی خلا باز ذیشان علی چین کے خلائی مشن کے ذریعے خلا کی جانب پرواز کریں گے۔
ذیشان علی خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی خلا باز ہیں، وہ تیان گونگ خلائی اسٹیشن پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہوں گے.
ذیشان علی نے مشن کو پاکستان کے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں مزید مشترکہ خلائی مشن بھی ہوں گے۔
خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی خلا باز ذیشان علی کی خلائی پرواز سے قبل الوداعی تقریب پاکستانی وقت کے مطابق آج رات ایک بج کر 40 منٹ پر منعقد ہوگی۔
خلائی مشن کی پرواز کا مرحلہ صبح 5 بجے جیوچوان خلائی مرکز سے شروع ہوگا، خلائی پرواز کے 4 سے 5 گھنٹے بعد پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی چین کے خلائی اسٹیشن میں داخل ہوں گے۔
ذیشان علی دو چینی خلا بازوں کے ہمراہ تقریباً ایک ہفتہ خلائی اسٹیشن پر گزاریں گے، چین کے خلائی اسٹیشن ’’تیان گونگ‘‘ میں مختلف سائنسی تجربات انجام دیں گے، پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کی خلائی پرواز سے پاکستان کا نام عالمی خلائی تحقیق میں نمایاں ہوگا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ