وزیراعظم تو اپنی کابینہ میں لڑائی روکنے میں مصروف ہیں: بیرسٹر علی ظفر

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ وزیراعظم تو خود بیچارے، اپنی کابینہ میں لڑائی روکنے میں مصروف ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں سینیٹر بیرسٹر علی ظفر اور ن لیگی سینیٹر رانا ثناء اللّٰہ نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے مجھے براہ راست کہا محسن نقوی کیخلاف بات نہ کریں، رانا ثناء
اس دوران گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی سینیٹر نے کہا کہ حکومت میں دراڑیں آگئی ہیں، حکومت کے اتحادی بلاول بھٹو زرداری کچھ کہتے ہیں، ان کے اپنے وزیر کہتے ہیں پنجاب میں کرپشن ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبوں کے معاملے پر بھی وزرا الگ الگ موقف بیان کر رہے ہیں، یہ آپس میں لڑ رہے ہیں، حکومت کو نئے صوبوں سے متعلق اپنا ایک موقف پیش کرنا چاہیے۔
بیرسٹر علی ظفر نے مزید کہا کہ آئین میں نئے صوبوں سے متعلق طریقہ کار درج ہے، دو تہائی اکثریت کے ساتھ اسمبلی کی اجازت لینی ہے۔
طاقت سے ہر مسئلہ حل نہیں کرسکتے، بلاول جوڑنے کی بات کررہے ہیں، چوہدری منظور
اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ دوتہائی اکثریت سے صوبائی، قومی اسمبلی اور سینیٹ سے اجازت لے کر صوبے بنائے جاسکتے ہیں، حکومت کے کچھ وزیر کہتے تھے کہ ریفرنڈم کے ذریعے ہم یہ کرالیں گے۔
پی ٹی آئی سینیٹر کا کہنا تھا کہ اگر یہ اب آئینی طریقہ کار میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں تو یہ آسان نہیں آئین میں بہت ساری سرجریز کرنا پڑیں گی۔ اگر یہ 28ویں ترمیم سے صوبے بننا چاہتے ہیں تو بڑا نقصان ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بانی کی طرف سے کہا گیا کہ صوبے تو بننے چاہیے لیکن پارلیمانی پارٹی میں اس پر مشاورت کریں، ہدایت ہے کہ کوئی ڈرافٹ آتا ہے تو اس پر پارلیمانی پارٹی مشاورت کرے۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ ہدایت ہے کہ مشاورت کریں اور پارٹی ورکرز یا عوام کی رائے لینی پڑے تو رائے بھی لی جائے، جب وقت آئے گا تو حکمت کے ساتھ اصول پر قائم رہتے ہوئے راستہ نکلتا ہے تو نکالنا چاہیے لیکن ابھی قبل از وقت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سارے معاملہ میں اہم چیز ملاقاتوں کا جو سلسلہ شروع ہوا وہ جاری رہنا چاہیے، ملاقاتوں سے معلومات اور ہدایات ملتی ہیں اور ایک ماحول بھی بنتا ہے یہ سلسلہ ضروری ہے۔
پی ٹی آئی سینیٹر نے کہا کہ اگر ہمیں واپس دیوار کے ساتھ لگادیا گیا تو پھر وہی ہوگا جو پہلے ہو رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر نے کہا تھا کہ کس جگہ ملاقات کرنی ہے۔ اپوزیشن لیڈر کی وزیراعظم سے ملاقات ہوجاتی تو اچھا تھا، اس میں کوئی بری بات نہیں، اب جو اپوزیشن لیڈر نے آفر کی ہے بہت مختلف قسم کی آفر ہے۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ گرینڈ ڈائیلاگ کریں جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز ہوں، ہمیں نظر آتا ہے کہ وزیراعظم تو خود بیچارے اپنی کابینہ میں لڑائی روکنے میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں نظر آتا ہے کہ وزیراعظم کے ہاتھ میں کچھ زیادہ چیزیں نہیں ہیں، اپوزیشن لیڈر نے جو تجویز دی ہے اس پر عمل درآمد ہونا چاہیے، وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات کا زیادہ اثر نہیں ہوگا، گرینڈ ڈائیلاگ زیادہ ضروری ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ