چوہدری سالک کا پنجاب میں کرپشن سے متعلق بیان میری ناقص سیاسی سمجھ سے باہر ہے، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف : فائل فوٹو
وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ چوہدری سالک میرے لیے بہت محترم اور ان کے بزرگوں کا مجھے اپنے بزرگوں جیسا احترام ہے، ان کا پنجاب میں کرپشن سے متعلق بیان میری ناقص سیاسی سمجھ سے باہر ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ کرپشن ہمارے معاشرہ کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، تمام سیاسی قیادت کی مشترکہ ذمہ داری ہے کے ملک کو اس لعنت سے پاک کیا جائے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ چوہدری سالک مرکزی اور صوبائی دونوں حکومتوں کا حصہ ہیں، مرکزی اورصوبائی حکومت کی قیادت ن لیگ کے پاس ہے، اگر بیان مستقبل کے سیاسی ایجنڈا کا حصہ ہے تو سمجھ آتا ہے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ اگر ایجنڈا مریم نواز کی حکومت کو ٹارگٹ کرکے اپنا سیاسی مستقبل محفوظ بنانا ہے تو سمجھ آتا ہے، اگر ایجنڈا پنجاب اور وفاق میں اپنے لیے جگہ بنانا تو پھر سمجھ آتا ہے، مریم نواز پنجاب کے شہروں اور دیہات کی خدمت کر رہی ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ