منگل 21؍شعبان المعظم 1444ھ14؍مارچ 2023ء

75 سال سے اسٹیبلشمنٹ طے کرتی تھی کس کو کس سے بات کرنی ہے، سربراہ پلڈاٹ

سربراہ پلڈاٹ احمد بلال محبوب کا کہنا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ 75 سال سے طے کرتی تھی کہ کس کو کس سے بات کرنی ہے، لگتا ہے کہ اب وہ فیصلے نہیں ہو رہے۔

اسلام آباد میں انتخابی اصلاحات اور انتظام سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت لڑائی بڑی بھیانک ہوچکی ہے، عام حالات میں انتخابات ہونا ضروری ہیں۔

احمد بلال محبوب کا کہنا تھا کہ موجودہ الیکشن کمیشن پہلے کی نسبت زیادہ آزاد اور خود مختار ہے، یقین نہیں ہے کہ شفافیت بڑے ایشوز کو طے کیے بغیر ممکن ہوسکے گی۔

سینیٹر انوار کاکڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں ایک بحران ہے، ایک طرف آئین کا اصول ہے کہ 90 دنوں میں انتخابات کرائے جائیں، ایک طرف کرائسز مینجمنٹ ہے تو دوسری طرف اصول پر عملدرآمد ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ماحول میں بحران طے کیے بغیر الیکشن سے بحران جنم لے سکتا ہے۔

سیمینار میں سینیٹر تاج حیدر کا کہنا تھا کہ شفاف انتخابات سے پہلے مردم شماری، حلقہ بندی بھی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات کیلئے شفاف مردم شماری پر کوئی بات نہیں کرتا۔

رہنما پیپلز پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں مردم شماری پر ہر جماعت احتجاج کر رہی ہے، بلوچستان میں بھی مردم شماری پر احتجاج ہو رہا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.