وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی وجہ سے ہم گرے لسٹ میں گئے، فیٹف کے معاملے پر قانون سازی کرنے لگے تو اپوزیشن نے این آر او مانگا، اپوزیشن نواز شریف، مریم نواز، احسن اقبال ، خورشید شاہ، آصف زرداری ، یوسف رضا گیلانی کے لیےاین آر او مانگ رہی ہے، یوسف رضا گیلانی این آر او لیگ کا حصہ ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ سینیٹ الیکشن کو عملی طورپر شفاف بنانے کے لیے آئینی ترمیم لائے، اپوزیشن خود کرپشن کرکے پیسوں کا بازار لگانا چاہتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سینیٹ کے شفاف الیکشن چاہتے ہیں، عمران خان نے کہا تھا یہ سب اکٹھے ہوجائیں گے۔
مراد سعید نے کہا کہ اپوزیشن ہر معاملے میں این آر او مانگتی ہے، میثاق جمہوریت میثاق ڈکیتی ہے، چھانگا مانگا کی سیاست کے بانی شفافیت نہیں لاسکتے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے 20 ارکان اسمبلی کو نکالنے والے عمران خان ہیں، الیکشن میں شفافیت لانے والے عمران خان ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ فیٹف کےحوالے سے قانون سازی نہ کرتے تو پاکستان بلیک لسٹ میں چلا جاتا، پاکستان بلیک لسٹ میں جاتا تو ملک میں سرمایہ کاری نہیں ہوتی اور مہنگائی میں اضافہ ہوتا۔
Comments are closed.