پاکستان میں واقع دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو کی مہم جوئی کے دوران حادثہ پیش آیا ہے، جس میں غیر ملکی کوہ پیما برفانی شگاف میں گر کر لاپتہ ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق حادثہ کیمپ تھری سے واپسی پر رسی ٹوٹنے سے پیش آیا ہے، نیپالی کوہ پیما لاپتہ کوہ پیما کو تلاش کر رہے ہیں۔
دوسری جانب کے ٹو کی سرمائی مہم جوئی کے دوسرے مرحلے میں کئی کوہ پیما کیمپ تھری سے واپس لوٹ گئے۔
علی سدپارہ اور ان کی ٹیم کی مہم جوئی جاری ہے، علی سد پارہ، ان کے بیٹے ساجد سد پارہ اور جون سنوری بوٹل نک پہنچ گئے، جبکہ 17 غیر ملکی کوہ پیما واپس بیس کیمپ روانہ ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو کی دوسری سرمائی مہم جوئی فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔
اس مہم جوئی کے سلسلے میں 3 پاکستانی کوہ پیماؤں سمیت 12 ممالک کے 21 کوہ پیما کیمپ فور سے انتہائی بلندی کی جانب روانہ ہوئے تھے۔
مہم جوئی میں کامیابی کی صورت میں محمد علی سدپارہ اور ساجد علی سدپارہ کے ٹو کو سردیوں میں سر کرنے والے دنیا کے پہلے باپ بیٹے ہوں گے۔
محمد علی سدپارہ اور ساجد سدپارہ کی ممکنہ کامیابی کا جشن منانے کے لیے سدپارہ گاؤں کے راستوں اور گلیوں کو قومی پرچموں سے سجایا گیا ہے جبکہ گھروں کی چھتوں پر بھی قومی پرچم لہرائے گئے ہیں۔
اٹلی کی خاتون کوہ پیما تمارا کے ٹو کو سرد موسم میں سر کرنے والی دنیا کی پہلی خاتون کوہ پیما بنیں گی۔
نیپالی کوہ پیما 24 گھنٹے میں بیس کیمپ سے انتہائی بلندی تک پہنچنے والے پہلے کوہ پیما بن جائیں گے۔
Comments are closed.