منگل26؍ربیع الثانی 1444ھ22؍نومبر2022ء

کوئٹہ: آرمی چیف اور یو اے ای کے سفیر نے کارڈیک سینٹر کا افتتاح کردیا

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ میں شیخ محمد بن زید النہیان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کارڈیک سینٹر کا افتتاح کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق متحدہ عرب امارات کے سفیر، گورنر بلوچستان اور چیف سیکریٹری بلوچستان بھی موجود تھے۔

آرمی چیف نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 120 بستروں کا انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی یو اے ای کے تعاون سے تعمیر کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کارڈیک انسٹیٹیوٹ بلوچستان کی آبادی کی خدمت کرے گا، اسی منصوبے کے تحت صوبے میں ایسے دو مزید سینٹر بنائے جائیں گے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے ڈائریکٹر یو پی اے پی عبداللّٰہ خلیفہ سعید الغافیلی کو ستارہ قائداعظم بھی پیش کیا۔

قبل ازیں کوئٹہ پہنچنے پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

سپہ سالار نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا جہاں یادگار شہداء پر پھول رکھے اور افسران اور جوانوں سے بات چیت کی۔

چیف آف آرمی اسٹاف نے صوبے میں امن و استحکام اور حالیہ سیلاب کے دوران امدادی کارروائیوں پر کوئٹہ کور کی خدمات کو سراہا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج اوراسکول آف انفنٹری اینڈ ٹیکٹکس کا بھی دورہ کیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.