منگل26؍ربیع الثانی 1444ھ22؍نومبر2022ء

پی ٹی آئی کا دھرنا، مقامی قیادت نے عمران خان کو پلان بھیج دیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 26 نومبر کے راولپنڈی دھرنے کے معاملے پر مقامی قیادت نے عمران خان کو پلان بھیج دیا۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی اور خیبرپختونخوا کی قیادت نے 26 نومبر کے دھرنے سے متعلق عمران خان کو پلان بھجوایا ہے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پلان میں تبدیلی یا منظوری دیں گے۔

ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سے قافلے جمعہ کی سہ پہر روانہ ہوں گے جبکہ پشاور سے قافلہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب راولپنڈی کے لیے روانہ ہو گا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی دھرنے کے لیے قافلوں کی آمد کا سلسلہ جمعہ کی صبح سے شروع ہو جائے گا، پارٹی فیصلوں کا تعلق احتجاج کی جگہ کے حتمی تعین سے جڑا ہے۔

ذرائع کے مطابق راولپنڈی کے کارکن اور قیادت جمعرات کوتیاریوں کو حتمی شکل دیں گے، ہر ضلع سے آنے والے کارکنوں کی قیادت متعلقہ ایم این ایز اور ایم پی ایز کریں گے۔

ذرائع کے مطابق تنظیمی عہدیدار کھانے سمیت پارٹی پرچم اور دیگر اشیاء کارکنوں کو دینے کے پابند ہوں گے، پشاور سے پرویز خٹک اور سوات سے وزیراعلیٰ محمود خان قافلوں کی قیادت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق ہزارہ سے قافلے جمعہ کی صبح راولپنڈی کے لیے روانہ ہوں گے، قافلے موٹروے یا جی ٹی روڈ سے آئیں گے، راولپنڈی میں جلسہ گاہ کے لیے کنٹینر کے اردگرد سیکیورٹی کا سخت حصار رہے گا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق خواتین کے معاملات دیکھنے کے لیے کنول شوذب کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.