سوئی سدرن گیس کمپنی نے کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا آغاز کردیا۔
روزانہ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک 9 گھنٹے گیس نہیں دی جارہی، ہوش رُبا مہنگائی کے مارے شہری صبح کا ناشتہ اور دوپہر کا کھانا ہوٹل سے خریدنے پر مجبور ہوگئے۔
چاروں طرف سے مہنگائی میں گھرے کراچی کے شہریوں کیلئے ایک اور جھٹکا، سوئی سدرن گیس کمپنی نے مختلف علاقوں میں نو گھنٹے تک گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا آغاز کردیا۔
نیو کراچی، نارتھ کراچی، سر سید ٹاؤن الیون سی 2 ، بفرزون، ناگن چورنگی، ایف بی ایریا اور سرجانی ٹاؤن وہ علاقے ہیں جہاں ہر روز صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک گیس فراہم نہیں کی جارہی، جس سے گھریلو معمولات درہم برہم ہوکر رہ گئے ہیں۔
متاثرہ علاقوں کی خواتین کا شکوہ ہے کہ گھر چلانے والے مرد ہوں یا اسکول کالج جانے والے بچوں کی اکثریت کو ناشتے کے بغیر ہی گھر سے نکلنا پڑ رہا ہے۔
مرد دہائی دے رہے ہیں کہ مہنگائی کے باعث گھریلو بجٹ پہلے ہی بحران کا شکار تھا، اب گیس نہ ہونے سے انہیں ایک سے دو وقت کا کھانا بھی ہوٹل سے خریدنا پڑرہا ہے۔
گیس کی لوڈشیڈنگ سے گھریلو صارفین کے علاوہ ہوٹل مالکان اور پکوان سینٹر والوں کا کاروبار بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔
سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام کا کہنا ہے کہ سردیوں میں بلوچستان کی طلب بڑھنے سے گیس پریشر کا ایشو پیدا ہوتا ہے۔
Comments are closed.