اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی کو سندھ حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان سے کراچی سے منتخب اراکینِ قومی اسمبلی نے ملاقات کی جس میں وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر، معاونِ خصوصی سیاسی امور ملک عامر ڈوگر، اراکینِ قومی اسمبلی محمد اکرم، رمیش کمار، فہیم خان، سیف الرحمن، محمد عالمگیر خان، عبدالشکور شاد، عطا اللہ خان، سید آفتاب جہانگیر، محمد اسلم خان اور انجینئر محمد نجیب ہارون نے شرکت کی۔
ملاقات میں متعلقہ حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے اٹھائے گئے اقدامات اور جاری منصوبوں پر تفصیلی گفتگوکی گئی ۔
اس سے قبل پارلیمانی کمیٹی اجلاس میں کراچی کے ارکان پارلیمنٹ نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان میں تاخیر پر سوالات کیے، نجیب ہارون نے کہا کہ 2023 تک کچھ نہیں ہوگا، کے فور منصوبہ مکمل ہوگا نہ نالے صاف ہوں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نجیب ہارون آپ تو ہمیں اندھیرا دکھا رہے ہیں، تو نجیب ہارون نے جواب دیا کہ وزیراعظم صاحب میں میں بالکل ٹھیک بتارہا ہوں۔ عمران خان نے کہا کہ پہلی دفعہ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر سنجیدگی سے کام ہو رہا ہے، کراچی کو صوبائی حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، صوبائی حکومت ساتھ دے نہ دے، ہم اپنی ذمہ داری ادا کریں گے۔
The post کراچی کو سندھ حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، وزیراعظم appeared first on Urdu News – Today News – Daily Jasarat News.
Comments are closed.