اتوار 14؍ربیع الاول 1445ھ یکم؍اکتوبر 2023ء

کراچی میں موسم انتہائی گرم، کوئٹہ میں سردی کا آغاز

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں موسم انتہائی گرم ہے جبکہ اکتوبر شروع ہوتے ہی بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں موسم سرد ہونے لگا۔

وادیٔ کوئٹہ اور صوبے کے شمالی علاقوں میں قندھار سے آنے والی ٹھنڈی اور گرد آلود ہوائیں چلنے سے درجۂ حرارت میں نمایاں کمی آئی ہے جس نے کوئٹہ میں موسمِ سرما کی آمد کا بگل بجا دیا ہے۔

موسمِ سرما نے کوئٹہ میں دبے پاؤں قدم رکھ دیا، گھروں اور دفاتر میں اے سی اور پنکھے بند ہو گئے۔

لوگوں نے رات کو سونے کے لیے کمبل اوڑھنے کے ساتھ ساتھ گرم پانی کے لیے گیزر کا استعمال شروع کر دیا، شہریوں نے صبح اور رات کے اوقات میں سردی سے بچانے کے لیے واسکٹس اور جیکٹس نکال لیں۔

شہر کی مارکیٹس میں کمبلوں کی فروخت میں بھی اضافہ ہو گیا۔

کوئٹہ میں موسمِ سرما کا دورانیہ فروری کے آخر تک رہتا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق زیارت میں کم سےکم درجۂ حرارت صفر جبکہ کوئٹہ میں 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

ژوب میں کم سے کم درجۂ حرارت 6، قلات میں 7، خضدار میں 8 اور سبی میں 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

آج بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد و خشک جبکہ جنوبی اضلاع میں گرم رہے گا۔

ادھر محکمۂ موسمیات نے کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم انتہائی گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد میں گزشتہ 35 گھنٹوں میں کم سے کم درجۂ حرارت 24.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 39 سے 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

کراچی میں شمال مغرب کی سمت سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جن میں نمی کا موجودہ تناسب 34 فیصد ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.