بدھ 17؍ ربیع الاول 1445ھ4؍اکتوبر 2023ء

پشاور: لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ہنگو بم دھماکے کا زخمی بےیار و مددگار

پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ہنگو بم دھماکے کا زخمی بےیار و مددگار پڑا ہے، لواحقین نے حکومت سے متاثرہ شخص کو دعوؤں کے برعکس بہتر علاج معالجہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمی کو تمام تر علاج فراہم کیا جارہا ہے۔

ہنگو دھماکے کے زخمی کے رشتہ داروں نے لیڈی ریڈنگ اسپتال سے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ صوبہ کے سب سے بڑے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں زخمی لاوارثوں جیسے پڑے ہیں، زخمی کی ٹانگ سے خون بہہ رہا ہے کوئی پوچھنے والا نہیں۔

خیبر پختون خوا کے کوہاٹ ڈویژن کے ضلع ہنگو کی مسجد میں نمازِ جمعہ کے خطبے کے دوران دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہو گئے۔

انکا کہنا ہے کہ اسپتال انتظامیہ پیر کے دن سے علاج شروع کرنے کا کہہ رہی ہے، اسپتالوں میں افسران صرف فوٹو سیشن کےلیے آتے ہیں۔

دوسری جانب لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ترجمان محمد عاصم کے مطابق اسپتال میں ہنگو دھماکے کے دو زخمی زیر علاج ہیں، دونوں زخمیوں کو بروقت بیڈ اور علاج مہیا کیا گیا ہے جبکہ ایک زخمی کی شکایت پر اس کے زخم کی دوبارہ صفائی اور پٹی کی گئی۔

انکا کہنا تھا کہ زخمی کو بروقت طبی امداد اور مفت دوائیاں مہیا کی جا رہی ہیں، متعلقہ ڈیپارٹمنٹ کو زخمی کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.