بدھ 17؍ ربیع الاول 1445ھ4؍اکتوبر 2023ء

اے این ایف کی کارروائیاں، 39 کلو منشیات برآمد، 9 ملزمان گرفتار

اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کی منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق 5 کارروائیوں میں 39 کلو گرام منشیات برآمد کر کے افغان باشندے اور 3 خواتین سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

اے این ایف کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ایک ملزم کو خاتون سمیت موٹر وے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب سے گرفتار کیا گیا، ملزمان کی گاڑی اور خاتون کے پرس سے 5 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔

ترجمان اے این ایف کا کہنا ہے کہ ایک اور کارروائی میں ملتان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر بھکر کی رہائشی 2 خواتین سمیت 4 ملزمان گرفتار کیے گئے، ملزمان کے سفری بیگوں سے مجموعی طور پر 1 کلو 650 گرام آئس برآمد ہوئی۔ ملزمان پرواز نمبر PA-870 کے ذریعے سعودی عرب کے لئے روانہ ہو رہے تھے۔

اے این ایف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کوٹ عبدالمالک ٹول پلازہ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے افغان باشندے اور پشاور کے رہائشی ملزم کو گرفتار کیا گیا، ملزمان کی گاڑی سے 1 کلو 30 گرام ہیروئن اور 440 گرام آئس برآمد ہوئی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق ڈی جی خان میں شیخ سرور روڈ پر مسافر بس میں سوار ملزم سے 1 کلو گرام آئس برآمد کی گئی۔

اے این ایف کے ترجمان نے یہ بھی بتایا ہے کہ نوکنڈی میں کارروائی کے دوران چھپائی گئی 30 کلو گرام افیون برآمد کی گئی جو کسی اور گروہ کے حوالے کرنے کی غرض سے ذخیرہ کی گئی تھی۔

گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.