محکمۂ موسمیات کی جانب سے کراچی کے شہریوں کو عید قرباں کے 3 روز کے دوران موسم خوش گوار رہنے اور چوتھے روز سے بارش ہونے کی نوید سنا دی گئی۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی کا موسم 3 روز کے دوران مکمل اور کبھی جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، عید الاضحیٰ کے دوران ہلکی بارش اور بوندا باندی کا بھی امکان موجود رہے گا۔
شہرِ قائد میں عید کے تینوں دنوں میں جنوب مغرب کی سمت سے معمول سے تیز سمندری ہوائیں چل سکتی ہیں، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 32 سے 34 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات نے بتایا کہ21 جولائی بروز عیدالاضحیٰ خلیجِ بنگال میں مون سون کی نئے ہوا کے کم دباؤ بننے کا امکان ہے، 23 جولائی سے نئے مون سون کے سلسلے کے اثرات سندھ کا رخ کریں گے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ 23 سے 25 جولائی کے درمیان تھر پارکر، عمر کوٹ اور سانگھڑ میں بارش کا امکان ہے، جبکہ میر پور خاص میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
24 تا 26 جولائی کراچی، حیدر آباد، بدین، ٹھٹھہ، شہید بے نظیر آباد، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، کشمور، گھوٹکی، خیر پور، دادو، جامشورو، ٹنڈو الہٰ یار اور قمبر شہداد کوٹ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
Comments are closed.