پیر 30؍ جمادی الثانی 1444ھ 23؍ جنوری 2023ء

کراچی، لیاقت آباد میں فلیٹ سے میاں بیوی کی لاشیں برآمد

کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں فلیٹ سے میاں بیوی کی لاشیں ملی ہیں، خاتون کا پوسٹ مارٹم نہیں ہوسکا، مرد کے پوسٹ مارٹم کے دوران پولیس کو زہریلی چیز کھانے یا دم گھٹنے سے موت واقع ہونے کا شبہ ہے۔

پولیس کے مطابق الکرم اسکوائر کے ایک فلیٹ سے60 سالہ شبیر اور ان کی 50 سالہ اہلیہ شکیلہ کی لاشیں ملی تھی جنہیں پوسٹ مارٹم کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

عباسی شہید اسپتال میں شبیر کی لاش کا پوسٹ مارٹم کیا گیا ہے جس کے بعد پوسٹ مارٹم رپورٹ ریزرو کردی گئی ہے اور لاش کے نمونوں کو کیمیائی تجزیے کے لیے روانہ کردیا گیا ہے۔

ڈاکٹروں نے بتایا کہ لاش کا چہرہ نیلا پڑا ہوا تھا، لگتا ہے جیسے موت زہریلی چیز کھانے یا دم گھٹنے سے ہوئی ہو، رپورٹ آنے کے بعد وجہ موت سامنے آسکے گی۔

اسپتال میں لیڈی ڈاکٹر نہ ہونے کے سبب بشیر کی اہلیہ شکیلہ کی لاش کا پوسٹ مارٹم نہیں کیا جاسکا، خاتون کا پوسٹ مارٹم آج کیا جائے گا۔

میاں بیوی کی لاشوں کو ایف ٹی سی پر واقع سرد خانے منتقل کردیا گیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.