پیر29؍ربیع الاول 1445ھ16؍اکتوبر 2023ء

کراچی، ایئر پورٹ کی بجلی معطل

کراچی میں تیز ہوا کے ساتھ بوندا باندی کے بعد جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی بجلی معطل ہوگئی، ایئرپورٹ پر جنریٹر سے بھی بجلی بحالی کی کوششیں جاری رہیں۔

مسافروں کو چیک ان میں مشکلات کا سامنا رہا، کراچی ایئرپورٹ پر طوفانی ہواؤں کے باعث نجی ایئر لائن کے طیارے کو لینڈنگ میں مشکل کا بھی سامنا ہوا۔

واضح رہے کہ رات گئے کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی کے بعد شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق لیاقت آباد، گلشن اقبال، گلستان جوہر، گرومندر، ناظم آباد، لسبیلہ سمیت کئی علاقوں میں پھوار پڑی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سسٹم سندھ پر اثر انداز ہورہا ہے، کراچی میں آئندہ دو روز کے دوران مطلع ابر آلود اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔

دوسری جانب شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی ہے، کلفٹن سمیت کراچی شرقی کے علاقوں میں تیز آندھی کے ساتھ مٹی کا طوفان بھی آیا ہے، جس کی وجہ سے حدِ نظر کم ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کے آفس کی بھی بجلی منقطع ہوگئی اور ان کا جنریٹر بھی کام نہیں کررہا، کے الیکٹرک حکام کے مطابق شہرمیں کوئی بڑا بریک ڈاؤن نہیں معمولی ٹرپنگ ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.