وزیراعظم عمران خان نے ڈسکہ میں اپنے امیدوار کو 20 پولنگ اسٹیشنوں میں ری پولنگ کی درخواست دینے کی ہدایت کر دی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ شفاف اور غیرجانبدار الیکشن کے لیے جدوجہد کی۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم شفافیت چاہتے ہیں اس لیے سینیٹ الیکشن میں اوپن بیلٹ کا مطالبہ کیا۔
علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے پشاور میں خیبرپختونخوا کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے شرکاء سے کہا کہ جو رکن سینیٹ الیکشن میں اپنا ووٹ بیچنا چاہتا ہے وہ پارٹی سے نکل جائے۔
یاد رہے کہ ڈسکہ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 پر ضمنی انتخاب کے دوران کشیدگی اور فائرنگ کے واقعات کی رپورٹ مقامی پولیس نے آئی جی پنجاب کو بھجوا دی۔
پولیس رپورٹ کے مطابق 9 مقامات پر جھگڑے، 3 مقامات پر ہوائی فائرنگ اور ایک مقام پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ 3 افراد زخمی بھی ہوئے۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ کے نتائج روک لئے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 75 کے 20 پولنگ اسٹیشنز کا رزلٹ ملا نہ عملے سے رات بھر رابطہ ہوسکا تھا، الیکشن کمیشن نے نتائج میں ردوبدل کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے تحقیقات کاحکم دیدیا۔
Comments are closed.