پیر23؍جمادی الثانی 1444ھ16؍جنوری2023ء

چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے خراب اے ٹی ایم کا نوٹس لیکر اسے ٹھیک کروادیا

بینظیر اِنکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ترجمان نے کہا ہے کہ پروگرام کی چیئرپرسن شازیہ مری نے اے ٹی ایم خرابی کی شکایت کا نوٹس لے کر اسے ٹھیک کروادیا۔ 

ترجمان بی آئی ایس پی نے دعویٰ کیا کہ اے ٹی ایم مشین کی خرابی کا نوٹس خبر شائع ہونے سے قبل لیا گیا۔ خراب اے ٹی ایم مشین کو فعال کردیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق مذکورہ اے ٹی ایم مشین کا بائیو میٹرک آلہ ٹوٹ گیا تھا جس کی وجہ سے اے ٹی ایم مشین کام نہیں کر رہی تھی۔

جیسے ہی وفاقی وزیر کو اس کی شکایت موصول ہوئی، متعلقہ بینک کے بالا حکام سی رابطہ کرکے مشین کو فوری طور پر فعال کر دیا گیا تھا۔

ترجمان کے مطابق چیئرپرسن بی آئی ایس پی شازیہ مری کی ہدایات پر پارٹنر بینکوں کے اعلیٰ حکام کو مستقبل میں بھی ایسی شکایات کے فوری ازالہ کا کہا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بینکوں پر واضح کیا گیا ہے کہ اے ٹی ایم مشینوں کو ہر دم فعال رکھنا، مستحقین کو ہر ممکن سہولتیں مہیا کرکے ان کو باعزت طریقہ سے ادائیگیاں کرنا اور شفافیت کو یقینی بنانا پارٹنر بینکوں کی ذمہ داری ہے۔

ترجمان بی آئی ایس پی نے کہا کہ ملک بھر میں بینظیر کفالت اور بینظیر تعلیمی وظائف کی تقسیم جاری ہے اور لاکھوں مستحق خاندانوں کو وظائف دیے جا رہے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پوری کوشش ہے کہ ان ادائیگیوں کو ہر قیمت پر شفاف انداز میں یقینی بنایا جائے اور اس حوالہ سے اسلام آباد ہیڈکوارٹر و صوبائی دفاتر میں شکایتوں کے بروقت ازالہ کے لیے کنٹرول روم بھی سرگرم عمل ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.