پیر23؍جمادی الثانی 1444ھ16؍جنوری2023ء

پنجاب میں شدید دھند: لاہور، فیصل آباد اور ملتان کی پروازوں کا شیڈول متاثر

پنجاب کے مختلف علاقوں میں پیر کو پھر شدید دھند کی وجہ سے لاہور، ملتان اور فیصل آباد ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا ہے۔

ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق شدید دھند کی وجہ سے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حد نگاہ 6000 میٹر ہے۔ 

پرواز پی اے 475 کی ریاض سے لاہور آمد دوپہر 12:20 کے بجائے شام 07:20 تک موخر کی گئی۔ پرواز پی اے411 کی دبئی سے لاہور آمد رات 09:10 کے بجائے کل صبح 03:15 بجے تک موخر کی گئی ہے۔ 

پرواز پی اے 410 لاہور سے دبئی روانگی دوپہر 01:10 کے بجائے رات 08:20 تک موخر کی گئی۔ دبئی سے نجی ایئرلائن کی پرواز پی ای 411 تاخیر کا شکار ہوئی۔ 

نجی ایئرلائن کی کراچی سے لاہور روٹ کے اپ ڈاون کی پروازیں پی اے 405 اور پی اے 406 منسوخ کی گئیں۔ جدہ سے سعودی ایئر لائن کی لاہور آمد کی پرواز ایس وی 738 اور روانگی کی پرواز ایس وی 739 بھی تاخیر کا شکار ہوئی۔

فیصل آباد ایئرپورٹ پر حد نگاہ 5000 میٹر ہونے کی وجہ سے لینڈنگ اور ٹیک آف میں دشواری ہوئی، جس کی بنا پر کراچی سے فیصل آباد کیلئے پی آئی اے کی پرواز پی کے 340 اور پی کے 341 منسوخ کی گئی۔

ترجمان کے مطابق ملتان ایئرپورٹ پر حد نگاہ 4000 میٹر رہا۔ موسمی خرابی کے باعث کراچی ملتان کراچی کے لیے پی آئی اے کی پرواز پی کے 330 اور پی کے 331 تاخیر کا شکار ہوئی۔ ملتان جدہ ملتان روٹ پر قومی ایئر لائن کی پرواز پی کے 739 اور ایس وی 740 بھی تاخیر کا شکار ہوئی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.