پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے کرکٹ ایسوسی ایشنز کے فرسٹ بورڈز کے عہدیداران سے جمعے کو نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں ملاقات کی۔ انہوں نے شرکاء کو گراس روٹ کرکٹ سے متعلق اپنے نظریے سے آگاہ کیا۔
رمیز راجہ نے اسکول اور کلب کرکٹ کی سرگرمیوں کو جلد از جلد بحال کرنے اور نوجوانوں کو اس سطح پر بہترین سہولیات اور ماحول فراہم کرنے کے لیے انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے پر بھی زور دیا۔
چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی سال سے گراس روٹ کرکٹ کو نظر انداز کیا جارہا ہے تاہم وہ اس طرف بھرپور توجہ دینا چاہتے ہیں۔
رمیز راجہ نے کہا کہ ان کے دور میں کرکٹ کی نرسریوں کو خاص اہمیت دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وہ صوبائی سطح پر بہترین کام کرنے پر فرسٹ بورڈز کو سراہتے ہیں۔وہ ان کے ساتھ مل کر پاکستان کی کرکٹ میں بہتری لانے کے منتظر ہیں۔
گزشتہ روز کوچز کے ساتھ اجلاس میں رمیز راجہ نے کوچز کے طریقہ کار پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مؤقف اپنایا تھا کہ چھ صوبائی ٹیموں کے کوچز کا اب قومی ٹیم کی سلیکشن میں بھی کوئی کردار نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا تھا کہ اب روایتی اور پرانا طریقہ کار نہیں چلے گا، کھلاڑیوں کے کھیلنے کے طریقے کو بدلنے کی شدید ضرورت ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے 6 صوبائی ٹیموں کے کوچز کو اگلے سیزن میں فارغ کرنے کا اشارہ بھی دیا تھا۔
Comments are closed.