پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 38 سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب سے متعلق ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے انتخابی امیدواروں اور سرکاری حکام کو نوٹسز جاری کردیے۔
ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ کو انتخابی مہم کے لیے لگے ہوئے تمام بینرز اور پینا فلیکس فوری ہٹانے کا حکم بھی دے دیا ہے۔
انتخابی حلقے میں انتخابی مہم کے بینرز اور پینافلیکس روزانہ کی بنیادوں پر ہٹانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسی طرح ارمغان سبحانی کو طارق سبحانی کی انتخابی مہم میں شرکت پر نوٹس جاری کیا گیا ہے، جبکہ امیدوار طارق سبحانی کو بھی اس پر نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
ارمغان سبحانی اور طارق سبحانی کو 13جولائی کو وضاحت کے لیے پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔
دوسری جانب امیدوار نجم الحسن نے ڈپٹی سیکریٹری وزیرِاعلیٰ پنجاب گوجرانوالہ ڈویژن علی عباس کیخلاف درخواست جمع کروائی ہے۔
اس درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ڈپٹی سیکریٹری عہدے کا ناجائزاستعمال کرتے ہوئے ووٹرز کو ہراساں کر رہا ہے۔
ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے درخواست گزار کو 13 جولائی کو ثبوت کے ہمراہ پیش ہونے کی ہدایت کردی۔
ڈی جی گیپکو کو تقرری و تبادلے پر نوٹس جاری کردیا گیا ہے جبکہ جونئیر انجینئرز کے تبادلے و تقرری کے اعلامیے کو فوری طور پر منسوخ کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔
انجینئر فرقان احمد کو گجرات سے سیالکوٹ، انجینئر سلیم شاہد کو گجرات تعینات کیا جارہا تھا۔
Comments are closed.