بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

یورپی یونین کی 70 فیصد بالغ آبادی کیلئے کورونا ویکسین فراہم کی جاچکی ہے، ارسلا واندرلین

یورپین یونین میں 70 فیصد کے قریب بالغ آبادی کے لیے ویکسین فراہم کی جا چکی ہے۔ یورپین کمیشن کے ذرائع کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق یونین میں 10 جولائی تک (EU/EEA) یورپین یونین اور یورپین اکنامک ایریا کے 30 ممالک میں 474 ملین خوراکیں فراہم کی گئیں۔

اس میں سے 391 ملین خوراکیں لگ چکی ہیں، جس کے بعد تمام یورپین بلاک کی 44.1 فیصد بالغ آبادی کی ویکسنیشن مکمل ہوگئی ہے جبکہ باقی افراد کو ابھی سنگل ویکسین لگی ہے۔

ان اعداد و شمار کی بنیاد یورپین سینٹر فار ڈیزیز پریوینشن اینڈ کنٹرول (ECDC) کا وہ اسپیشل ٹریکنگ میکنزم ہے جو اس نے ویکسین کی تقسیم کے نظام کو شفاف بنانے کے لیے اس سال فروری میں شروع کیا تھا۔

دوسری جانب ہفتے کے روز یورپین کمیشن کی صدر ارسلا واندرلین نے اس حوالے سے بتایا کہ کمیشن نے ای یو کے ممبر ممالک کو کافی ویکسین فراہم کی ہے تاکہ وہ اس ماہ کے اختتام تک اپنی 70 فیصد آبادی کو اس عالمی وباء سے بچاؤ کے لیے مکمل ویکسنیشن کر سکیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ عالمی وباء کوویڈ-19 ابھی ختم نہیں ہوئی، ہم مزید خوراکیں فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔ صرف ممبر ریاستوں کو اپنے ہاں ویکسنیشن کے لیے کوششوں میں اضافہ کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہی وہ واحد طریقہ ہے جس کے ذریعے ہم اپنے لوگوں کو کورونا اور اس کے مزید ویرئینٹ سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.