پی ایس 88 ضمنی انتخاب میں عام تعطیل نہ کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت میں عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ کل الیکشن ہے، لاکھوں روپے خرچ ہوچکے ہیں اگر اتنا ہی خیال ہے تو پہلے آجاتے۔
سندھ ہائیکورٹ میں جسٹس محمد علی مظہر نے پی ایس 88 ضمنی انتخاب میں عام تعطیل نہ کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت کی، سماعت کے دوران وکیل الیکشن کمیشن اور درخواست گزار کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل الیکشن کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ سندھ حکومت نے حلقے میں عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔
وکیل درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ پورے کراچی میں عام تعطیل نہ ہوئی تو لوگوں کو بہت پریشانی ہوگی، اس پر جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ کیا چاہتے ہیں ہم الیکشن روک دیں ؟
عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیلٹ پیپرز چھپ چکے ہیں، لاکھوں روپے خرچ ہوچکے ہیں اگر اتنا ہی خیال ہے تو پہلے آجاتے۔
جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ پھر کہا جائے گا سندھ ہائیکورٹ نے الیکشن روک دیا۔
اس موقع پر عدالت نے الیکشن کمیشن کے جواب کے بعد دائر درخواست نمٹا دی۔
Comments are closed.