پاکستان میں کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ پاکستان سپر لیگ کا ساتواں ایڈیشن اگلے برس جنوری فروری میں سجے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اور فرنچائزز کے درمیان اتفاق رائےہوگیا، پی سی بی عہدیداران اور فرنچائزز کے درمیان ٹیلی کانفرنس ہوئی۔
ٹیلی کانفرنس میں چیف ایگزیکٹو وسیم خان اور سی او او سلمان نصیر نے شرکت کی، جی ایم کمرشل عمران احمد خان اور پی ایس ایل سینیر جنرل مینجر آپریشنز عثمان واہلہ بھی شریک ہوئے، اجلاس میں تمام فرنچائزز کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان نئے کمرشل رائٹس اور اس کے طریقہ کار کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی جبکہ رائٹس کے ایویلیوایشن کے فریم ورک کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوری فروری میں موسم کی وجہ سے کراچی میں ہی پی ایس ایل کا ساتواں ایڈیشن ہونے کا زیادہ امکان ہے جبکہ یو اے ای کا وینیو بھی خارج از امکان نہیں ہے ۔
آسٹریلوی ٹیم کے شیڈول ٹور سے قبل پندرہ فروری سے پہلے پی ایس ایل کا ایڈیشن ختم کرنا ہے اس لیے یو اے ای میں بھی ایونٹ کی منصوبہ بندی کی جا سکتی ہے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ چئیرمین احسان مانی پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ساتواں ایڈیشن مکمل طور پر پاکستان میں ہو گا، میچز موسم کی وجہ سے کراچی میں شروع ہوں گے جبکہ اختتام پنجاب میں ہو گا۔
واضح رہے کہ پاکستان سُپر لیگ کے 6 سیزن کامیابی سے مکمل ہوچکے ہیں۔ رواں برس کورونا کے کیسز میں اضافے کے باعث پی ایس ایل کا سیزن 6 مؤخر کیا گیا تھا جسے بعد ازاں گزشتہ ماہ جون میں مکمل کیا گیا۔
پی ایس ایل کے سیزن 6 کا تاج محمد رضوان کی قیادت میں ملتان سلطانز نے اپنے سر سجایا تھا۔
Comments are closed.