جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں یونیسف کے تعاون سے بحالی کے کام کا آغاز کر دیا ہے، بحالی کے کام میں اسکولز اور بیت الخلاء کی تعمیر سمیت پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کی جانب سے یونیسف کے تعاون سے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
یونیسف ان علاقوں میں 9 ملین ڈالر کی رقم سے بحالی کا کام کرے گا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کپیٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر نے بتایا کہ ڈیرہ غازی خان اور راجن کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں تباہ ہونے والے اسکولوں میں کھیل اور عارضی لرنگ سنٹرز قائم کئے جائیں گے، بچوں کو کتابیں اور یونیفارم مفت فراہم کئے جائیں گے۔
سیلاب متاثرہ علاقوں میں مردوں اور خواتین کے لیے الگ الگ بیت الخلاء قائم کرنے کے ساتھ غذائیت کا شکار بچوں کے علاج کے لیے اقدامات کیے جائیں گے جبکہ متاثرین سیلاب کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری جنوبی پنجاب نے پاکستان میں یونیسف کے سرابرہ عبداللّٰہ فادل کو بتایا کہ ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں سیلاب سے 62 اموات ہوئیں، ڈیرہ غازی خان کے 85 اور راجن پور کے 18 اسکولوں کی عمارتوں کو نقصان پنہچا، 43 بنیادی مراکز صحت تباہ ہوئے اور نہروں کو 431 مقامات پر کٹ لگے ہیں۔
Comments are closed.