بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان JUI سے چھپنے کیلئے منظرِ عام سے غائب ہیں: اصغر خان اچکزئی

بلوچستان میں حکومتی اتحادی جماعت عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے پارلیمانی لیڈر و صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو جے یو آئی سے چھپتے ہوئے منظرِ عام سے غائب ہیں۔

اصغر خان اچکزئی نے چمن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی وزارتیں مانگنے کے لیے وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کے پیچھے پڑی ہوئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ عبدالقدوس بزنجو جے یوآئی سے چھپنا چاہ رہے ہیں، وزیرِ اعلیٰ بلوچستان مشکل میں پھنس گئے کہ جے یو آئی کو وزارتیں دے کر کس کو کابینہ سے نکالیں۔

عوامی نیشنل پارٹی( اے این پی) کے پارلیمانی لیڈر اصغر خان اچکزئی نے حکمران بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کی اپنے ہی وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر سوال اٹھادیا۔

صوبائی صدر اے این پی نے کہا کہ جے یو آئی کو اس بات پر غصہ ہے کہ وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کو سپورٹ کرنے کے بدلے اچھی وزارتیں کیوں نہیں ملیں۔

اصغر اچکزئی نے مزید کہا کہ بلوچستان میں فرینڈلی اپوزیشن ہے، پردے کے پیچھے حکومت کا حصہ ہے، ایڈووکیٹ جنرل اور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل اپوزیشن کی سفارش پر لگائے گئے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اپوزیشن کے لوگوں کو اہم منصب پر فائز کرنے کی مثال بلوچستان حکومت نے قائم کی، بلوچستان میں پی ٹی آئی حکومت کا حصہ ہے مگر یہ مرکز میں مخالف ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.