امن پسند ملکوں کو یکجا ہونے کا پیغام دیتے ہوئے پاک بحریہ نے ساتویں کثیر القومی بحری مشق امن 2021 ء کا انعقاد کیا ہے جس کے سلسلے میں کراچی میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل نوید اشرف بحری مشق امن 2021ء میں شریک ممالک کی پرچم کشائی کی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔
تقریب کے آغاز میں 25 ویں جنگی بحری بیڑے کے کمانڈر کموڈور امتیاز علی نے نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا پیغام پڑھ کر سنایا۔
چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے امن مشق 2021ء کیلئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ امن مشق 2021ء کے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امن مشق میری ٹائم چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے، امن 2021ء مشق مختلف ملکوں کی نیوی کے درمیان معلومات کے تبادلے کا ذریعہ بھی ہے۔
نیول چیف کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان نیوی علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی، بحرِ ہند میں پاکستان نیوی ملکی مفادات کے تحفظ کے لیے فرائض سر انجام دیتی رہے گی۔
مشق میں تقریباً 45 ممالک کے نمائندگان اپنے بحری اثاثوں، مبصرین اور سینئر افسران کے ساتھ شریک ہوئے۔
تقریب میں 7 دوست ممالک کی شخصیات گیسٹ آف آنر کے طور پر شریک ہوئیں۔
بحری مشق امن 2021ء کا مقصد شریک ممالک کے مابین ہم آہنگی اور امن کا فروغ ہے، کثیر الملکی مشق کا سلوگن ’امن کے لئے متحد‘ ہے۔
مہمانِ خصوصی کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل نوید اشرف نے تقریب سے خطاب بھی کیا۔
کثیر القومی بحری مشقیں امن 2021ء 16 فروری تک جاری رہیں گی۔
Comments are closed.