ورلڈ کپ کرکٹ 2023ء میں ٹیم پاکستان اپنی مہم کا آغاز آج سے کرے گی، حیدرآباد میں گرین شرٹس کا مقابلہ نیدرلینڈز سے ہوگا، ٹیم پاکستان میں 6 بیٹر، 2 آل راؤنڈر اور 3 فاسٹ بولرز کی شمولیت کا امکان ہے۔
کرکٹ کا ورلڈ کپ شروع ہوگیا، ٹیم پاکستان کی تیاریاں بھی مکمل ہوگئیں۔ میگا ایونٹ میں گرین شرٹس اپنی مہم کا آغاز نسبتاً آسان حریف نیدرلینڈز کے خلاف حیدر آباد دکن میں کرے گی جہاں ٹیم پاکستان نے بھرپور ٹریننگ کی اور دو وارم اپ میچز بھی کھیلے۔
میچ کے لیے پاکستان کی ممکنہ فائنل الیون میں امام الحق کے ساتھ اننگز فخر زمان شروع کریں گے یا عبداللّٰہ شفیق اس کا فیصلہ ہونا ہے۔ دیگر بیٹرز میں بابر اعظم، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد شامل ہوں گے۔
اسپن کا شعبہ شاداب خان اور محمد نواز سنبھالیں گے، تو پیس اٹیک شاہین آفریدی، حارث رؤف اور حسن علی پر مشتمل ہوگا۔
پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان مقابلہ دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہوگا۔
گزشتہ روز احمدآباد میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو بآسانی 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
Comments are closed.