ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں دوسرے دن کا کھیل ختم ہوگیا۔ بھارتی ٹیم پر فالو آن کے بادل منڈلانے لگے۔ کھیل ختم ہونے تک آدھی بھارتی ٹیم 151 رنز پر پویلین لوٹ گئی، آسٹریلیا کی برتری ختم کرنے کےلیے مزید 318 رنز درکار ہیں۔
لندن کے دی اوول کرکٹ گراؤنڈ میں جاری فائنل مقابلے میں دوسرے روز آسٹریلین ٹیم 469 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
آسٹریلیا نے دوسرے دن کا آغاز 327 رنز 3 وکٹوں کے نقصان پر کیا تو اسٹیو اسمتھ نے اپنے کیریئر کی 31ویں سنچری مکمل کی۔
آج آؤٹ ہونے والے آسٹریلیا کے پہلے بلے باز ٹریوس ہیڈ تھے جو 163 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔ ٹریوس ہیڈ کو 361 کے مجموعے پر آؤٹ کرکے بھارتی بولر محمد سراج نے 285 رنز کی یہ پارٹنر شپ توڑی۔
ٹریوس ہیڈ کے آؤٹ ہوتے ہی آسٹریلیا کی باقی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
اسٹیو اسمتھ 121 رنز بنا کر پویلین لوٹے، کیمرون گرین نے 6، مچل اسٹارک نے 5 جبکہ پیٹ کمنز اور نیتھن لیون نے 9، 9 رنز کی باری کھیلیں اور اسکاٹ بولینڈ نے ایک رن بنایا۔
ٹیل اینڈرز کے ساتھ بیٹنگ کرتے ہوئے ایلکس کیری نے 48 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کی اس پہلی اننگز میں ٹیم کا اسکور 469 رنز تک پہنچایا۔
بھارت کی جانب سے محمد سراج نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد شامی اور شردل ٹھاکر نے دو، دو اور رویندرا جڈیجا نے ایک وکٹ لی۔
جواب میں بھارت نے اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا، لیکن اسے 30 کے مجموعے پر دونوں اوپنرز کپتان روہیت شرما اور شبمن گل کی وکٹوں سے محروم ہونا پڑا۔ انہوں نے بالترتیب 15 اور 13 رنز بنائے تھے۔
اسٹار بلے باز ویرات کوہلی اور چتیشور پجارا بھی وکٹ پر نہ ٹھہر سکے۔ دونوں 14، 14 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
71 رنز پر 4 وکٹیں گنوانے والی بھارتی ٹیم کو اس مرتبہ رویندرا جڈیجا اور اجنکیا رہانے نے سنبھالا۔ دونوں نے درمیان 71 رنز کی پارٹنرشپ بنی اور 142 کے مجموعے پر 48 رنز بناکر جڈیجا آؤٹ ہوگئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک، پیٹ کمنز، اسکاٹ بولینڈ، کمیرون گرین اور نیتھن لیون نے ایک ایک وکٹ لی۔
Comments are closed.