ٹھٹھہ میں دریائے سندھ کے قریب بند پر موجود متاثرین سیلاب 20 دنوں سے امداد کے منتظر ہیں۔
دو وقت کی روٹی تو دور کی بات ہے انہیں تین دنوں میں ایک وقت کا کھانا بھی مشکل سے ہی مل پاتا ہے، انہیں نہ خیمے، نہ راشن، نہ کوئی دوائی میسر ہے، متاثرین جِلدی امراض اور گیسٹرو میں مبتلا ہورہے ہیں۔
گاؤں گل حسن شیخ کے سیلاب متاثرین بے یار و مددگار 20 روز سے بند پر بیٹھے ہوئے ہیں۔
کسی نے ڈنڈوں پر چادریں ڈال کر اپنا سائبان بنالیا تو کوئی کھلے آسمان تلے بیٹھا ہے، ہر کوئی اسی سوچ میں ہے کہ جائے تو آخر کہاں جائے۔
بھوک سے ستائے بچے جیسے کھانے کا انتظار کرتے کرتے تھک گئے ہیں، کوئی بچہ راہ تک رہا ہے تو کوئی مٹی کی روٹی بناکر اپنے آپ کو بہلا رہا ہے۔
بخار، گیسٹرو اور جِلدی بیماریوں میں مبتلا متاثرین سیلاب علاج کے لیے بھی ترس گئے ہیں۔
Comments are closed.