جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

ویڈیو: غزہ میں پانی کا بحران، بے بس لڑکا زمین پر گرا پانی جمع کرنے پر مجبور

اسرائیلی فوج کے مظالم کی وجہ سے غزہ کے شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے، اسرائیلی فوج نے غزہ میں جانے والی پانی کی لائنوں کے تمام کنکشنز منقطع کردیے ہیں۔

جس کی وجہ سے غزہ میں انتہائی دردناک مناظر دیکھنے میں آرہے ہیں۔

فلسطینی صحافی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایسی ہی ایک افسوسناک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک لڑکا سڑک پر گرے ہوئے پانی کو اپنی بوتل میں بھرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

یہ دردناک ویڈیو دیکھنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین بھی غمزدہ نظر آرہے ہیں اور اسرائیلی مظالم کی مذمت کر رہے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی افواج نے شمالی غزہ میں فلسطینیوں کو انسانی ڈھال بنالیا۔ صہیونی فوج کے ٹینکوں نے غزہ کے 4 اسپتالوں کا گھیراؤ کرلیا، اسپتالوں، اقوام متحدہ کے اسکول اور شمالی غزہ سے انخلا کیلئے نکلنے والے شہریوں پر میزائلوں کی بارش، مزید سیکڑوں فلسطینی شہید ہوگئے۔

الشفا اسپتال کے ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ ہم موت سے صرف چند گھنٹے دور ہیں اور دنیا ہمیں مرتے ہوئے دیکھ رہی ہے۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے کا کہنا ہے کہ غزہ کو اس وقت زمین پر جہنم بنا دیا گیا ہے، اسرائیلی افواج نے غزہ کے اسپتالوں، اقوام متحدہ کے اسکول اور انخلا کرنے والوں پر خوفناک بمباری کردی جس کے نتیجے میں مزید سیکڑوں افراد شہید اور ہزاروں زخمی ہوگئے، شہداء کی تعداد 11078ہوگئی، شہداء میں 4 ہزار 800 بچے اور 3 ہزار کے قریب خواتین شامل ہیں۔

فلسطینی خاتون 5 گھنٹے کا پیدل سفر کرکے غزہ سے 14 کلو میٹر دور اپنے دو کمسن بچوں کے ساتھ منتقل ہوئی ہیں۔

جمعہ کے روز میں صہیونی افواج نے جنگ میں کوئی وقفہ نہیں کیا، اسرائیلی لڑاکا طیاروں کے غزہ کے الشفاء اسپتال پر 24 گھنٹوں کے دوران 5 مرتبہ بمباری میں متعدد افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے، صہیونی افواج نے رات گئے الشفا اسپتال پر فاسفورس بم بھی گرا دیے، اسرائیلی اسنائپرز کی الشفا اور القدس اسپتال پر چاروں اطراف سے فائرنگ، متعدد افراد زخمی، اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ سے دو روز میں ایک لاکھ لوگوں کو بے گھر کرنے کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ کے بعد اس کی سیکیورٹی کا کنٹرول اسرائیلی فورسز سنبھال لے گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.