جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

بلاول بھٹو سلیکٹڈ نہیں ووٹرز کے الیکٹڈ وزیراعظم ہوں گے: نیئر بخاری

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری سلیکٹڈ نہیں ووٹرز کے الیکٹڈ وزیرِ اعظم ہوں گے۔

ایک بیان میں نیئر بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کارکردگی کی بنیاد پر انتخابات میں حصہ لے گی، منتخب نمائندوں اور جمہوری نظام سے ہی سیاسی اور معاشی استحکام آئے گا۔

نیئر بخاری کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی برسرِ اقتدار آکر زراعت میں خود کفالت اور صنعتی انقلاب لائے گی، سندھ بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کی طرح جیالے امیدوار ملک بھر سے کامیاب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ آمریت کا مقابلہ کرنے والے جیالوں سے معاہدے کر کے بھاگنے والے کا کیا مقابلہ، آئینی، انسانی اور معاشی حقوق کی عوامی سیاست بزدلوں کے بس کی بات نہیں۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ بلاول خیبر پختون خوا میں تاریخی عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے، الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہر سیاسی جماعت کو یکساں مواقع ملنے چاہئیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ گورنر ہاؤس لاہور میں سیاسی اجتماع پر الیکشن کمیشن کی خاموشی سوالیہ نشان ہے، نگراں وزیرِ اعظم سیاسی جماعت کے لیڈر اور سینیٹر کو قائدِ ایوان سینیٹ نامزد نہیں کر سکتے، اسحاق ڈار قائد ایوان سینیٹ کا عہدہ غیر آئینی اور غیرقانونی طور پر استعمال کر رہے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.